ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جموں و کشمیر کو جامع خود مختاری نہ دی گئی تو ملک کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی :چدمبرم

جموں و کشمیر کو جامع خود مختاری نہ دی گئی تو ملک کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی :چدمبرم

Thu, 21 Jul 2016 18:59:33    S.O. News Service

نئی دہلی، 21؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیر کے حالات کا انقلابی حل تجویز کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے اس بڑے معاہدے (گرینڈ بارگین)کی وکالت کی، جس کے تحت کشمیر کا ہندوستان میں الحاق ہوا تھا اور اسے وسیع خود مختاری دی گئی تھی، چدمبرم نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوا تو ملک کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔انڈیا ٹوڈے چینل پر معروف صحافی کرن تھاپر سے بات چیت میں چدمبرم نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ ان کا طریقہ غلط ہے۔ہم نے اس بڑے معاہدے کونظرانداز کیا ہے جس کے تحت کشمیر کا ہندوستان میں الحاق ہوا تھا، میرا ماننا ہے کہ ہم نے اعتمادشکنی کی ہے ، ہم نے وعدے توڑے اور نتیجہ یہ ہوا کہ ہم نے اس کی بھاری قیمت چکائی۔چدمبرم نے کہا کہ ان کے مطابق ، سب سے بہتر حل یہ ہے کہ نئی دہلی کو کشمیر کے عوام کو یہ یقین دہانی کرانی چاہیے کہ کشمیر کے الحاق کے وقت جس بڑے معاہدے کا وعدہ کیا گیا تھا،اس کا پوری طرح عمل کیا جائے گا۔چدمبرم نے کہاکہ میں غلط ہو سکتا ہوں، میں صحیح ہو سکتا ہوں، لیکن ضروری تو یہ یقین دہانی کرانی ہے کہ بڑے معاہدے پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔جہاں تک ممکن ہو، کشمیر کے لوگوں کواپنے قانون بنانے دیجئے اور تب تک بنانے دیجئے، جب تک یہ ہمارے آئین سے باہر نہ جاتا ہو۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم شناخت، تاریخ، ثقافت، مذہب کا احترام کریں گے۔شمال اور مغرب کے تمل علاقوں کو زیادہ حقوق دینے کو لے کر ہندوستان کی جانب سے سری لنکا کو دئیے جانے والے مشورہ کا ذکر کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم سری لنکا کو جو نصیحت دیتے ہیں، ہمیں خود بھی ان پر عمل کرنا چاہیے ۔چدمبرم نے کہا کہ سری نگر اور نئی دہلی کی تمام حکومتیں کشمیر کے حالات سے ٹھیک سے نہیں نمٹ سکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم (یو پی اے حکومت)ٹھیک سے نہیں نمٹ سکے، لیکن 2010میں ہم نے خود کو درست کیا ،اب دہلی اور سری نگر کی حکومتیں بہت برے طریقے سے حالات سے نمٹ رہی ہیں۔کشمیر کے لیے ایک خصوصی سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چدمبرم نے موجودہ بحران کے لیے پی ڈی پی-بی جے پی اتحادکی حکومت کو ذمہ دارٹھہرایااورکہاکہ ان کوکبھی اقتدار میں نہیں آنا چاہیے تھا۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ یہ اتحاد خود ہی وادی کے لیے بڑے اشتعال کی بات ہے۔یہ ایک جائز حکومت ہے، ان کے پاس افرادی طاقت ہے، لیکن حکومت کی قانونی حیثیت اس حقیقت کو ختم نہیں کرتی کہ حکومت بنانے والے ان دونوں شراکت داروں نے کشمیر کے لوگوں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔چدمبرم نے کہا کہ الگ الگ لوگوں کے لیے آزادی کے معنی الگ الگ ہوتے ہیں، لیکن ضرورت اس بات کی یقین دہانی کرانے کی ہے کہ بڑے معاہدے پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔


Share: